14 جولائی 2014 - 10:07
عراق و شام میں مزارات پر حملے کرنا جہاد نہیں فساد ہے: سنی اتحاد کونسل

مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عراق میں حضرت یونس علیہ السّلام اور حضرت شیث علیہ السّلام کے مزارات کو شہید کرنا قابل مذمت ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی راہنماؤں صاحبزادہ حامد رضا، علامہ محمد شریف رضوی، طارق محبوب صدیقی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، سیّد جوادالحسن کاظمی، ارشد مصطفائی، مفتی محمد حسیب قادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی اور مولانا وزیرالقادری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عراق میں حضرت یونس علیہ السّلام اور حضرت شیث علیہ السّلام کے مزارات کو شہید کرنا قابل مذمت ہے۔ داعش کے باغیوں کی جانب سے مقاماتِ مقدسہ کی بے حرمتی کا مذموم سلسلہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ تکفیری اور خارجی ٹولہ مقدس شخصیات کے مزارات پر حملے کرکے اسلام دشمنی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ مزارات حملے کرنا جہاد نہیں فساد ہے۔ داعش نہ صرف مقاماتِ مقدسہ کو مسمار کر رہی ہے بلکہ ان کے عقیدے کو تسلیم نہ کرنے والے علماء کا قتل عام بھی جاری ہے۔ دکھ کی بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ اسلام کے نام پر کیا جا رہا ہے۔ داعش کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے اُمّتِ مسلمہ پر تباہی کا عذاب نازل ہو رہا ہے۔ داعش کی صورت میں مسلمانوں پر مسلط عذاب میں اسلام دشمن قوتیں بھی ملوث ہیں۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ اسلام کو درپیش نئے خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلم حکمران اپنا کردار ادا کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲